6 ستمبر 2026 - 17:27
بھارتی شہر سہارنپور کلکٹریٹ کی مسجد پر بلڈوزر ایکشن

بھارتی ریاست اتر پردیش کے سہارنپور میں کلکٹریٹ احاطے میں واقع مسجد کے خلاف انتظامیہ کی کارروائی کے بعد سیاسی سرگرمیاں بھی تیز ہوگئی ہیں۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی ریاست اتر پردیش کے سہارنپور میں کلکٹریٹ احاطے میں واقع مسجد کے خلاف انتظامیہ کی کارروائی کے بعد سیاسی سرگرمیاں بھی تیز ہوگئی ہیں۔ مسجد کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد ہفتے کی صبح اس پر بلڈوزر چلایا گیا۔ اسی دوران کیرانہ سے سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اقرا حسن کو ہاؤس اریسٹ کیے جانے کی اطلاع ہے۔ وہ سہارنپور جاکر موقع کی صورتحال کا جائزہ لینے اور افسران سے ملاقات کرنے والی تھیں، لیکن پولیس نے انہیں گھر سے باہر نکلنے سے روک دیا۔

سہارنپور کلکٹریٹ احاطے میں واقع مسجد کو لے کر گزشتہ کچھ عرصے سے قانونی تنازع جاری تھا۔ سٹی مجسٹریٹ نے گزشتہ ماہ مسجد کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کے انہدام کا حکم دیا تھا۔ مسجد فریق نے اس فیصلے کے خلاف ضلع و سیشن عدالت سے رجوع کیا تھا۔ دستیاب معلومات کے مطابق جمعہ کو ضلع جج کی عدالت نے مسجد فریق کی جانب سے دائر دعوے کو مسترد کردیا۔ اس کے بعد انتظامیہ نے مسجد کے خلاف کارروائی شروع کی اور ہفتے کی صبح بلڈوزر کے ذریعے مسجد کا ایک حصہ منہدم کردیا گیا۔

مسجد کی انہدامی کارروائی سے قبل سہارنپور میں رات بھر سیاسی سرگرمیاں اور افواہیں جاری رہیں۔ کلکٹریٹ احاطے کے اطراف بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی اور متعدد گیٹ بند کردیے گئے۔ سیاسی رہنماؤں اور مقامی افراد کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی گئی۔ مسجد کے خلاف انتظامی کارروائی اور اقرا حسن کو ہاؤس اریسٹ کیے جانے کے بعد معاملہ مزید سیاسی رنگ اختیار کرگیا ہے۔ ایک طرف انتظامیہ عدالتی حکم کے بعد کارروائی کا حوالہ دے رہی ہے، جبکہ دوسری جانب اپوزیشن رہنما اس اقدام اور اقرا حسن کو روکے جانے پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha